میرعلی میں سیکیورٹی فورسزکا خفیہ آپریشن ، 2 دہشتگردہلاک ، 1 گرفتار۔ 37

میرعلی میں سیکیورٹی فورسزکا خفیہ آپریشن ، 2 دہشتگردہلاک ، 1 گرفتار۔

ملتان (اُجالانیوز۔ 04 اکتوبر2020ء) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسزکے خفیہ آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پرآپریشن کیا ، جس کے نتیجے میں 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ، جب کہ ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کیا گیا ۔ یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو بھی پاک فوج کی طرف سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا ،آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے ، ایک کو گرفتار کرلیا گیا، ایک ہلاک دہشت گرد بم بنانے کا ماہر تھا ، یہ دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل، بھتا خوری اور سیکورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں ملوث تھے۔ دوسری طرف مردان اور نوشہرہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعا ت کے بعد پشاور میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ، جب کہ قصہ خوانی بازار میں ہونے والے دہشت گردی واقعہ کے 13سال مکمل ہو گئے ، جس میں شبقدر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 12افراد سمیت پچاس سے زائد افراد شہید ہو ئے تھے ۔پشاور سمیت صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکورٹی کے موثر انتظامات کر دیے گئے ، جہاں حساس ترین عبادت گاہوں ، ریڈ زون ، داخلی اور خارجی راستوں ، بازاروں ، ریلوے سٹیشن ، بس اڈوں سمیت دیگر حساس مقامات اور حکومتی اداروں کو الرٹ کردیا گیا ، امن وامان کی صورتحال کے باعث قبائلی اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی الرٹ کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں